19 نومبر، 2026، 12:36 PM

ایران کی ہمسایہ ممالک کو امریکی جارحیت میں معاونت سے باز رہنے کی سخت تنبیہ

ایران کی ہمسایہ ممالک کو امریکی جارحیت میں معاونت سے باز رہنے کی سخت تنبیہ

ایرانی وزارت خارجہ نے جنوبی ساحلی علاقوں پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی ممالک کی سرزمین کو ایران کے خلاف استعمال کرنا جارحیت کے زمرے میں آتا ہے اور ایران کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ نے گزشتہ چند روز کے دوران ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں میں امریکی فوج کی جارحانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ علاقائی ممالک کی سرزمین کو ایران کے خلاف استعمال کرنا جارحیت کے مترادف ہے اور اس صورت حال میں ایران کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔

وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق، ایرانی مسلح افواج نے قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنے دفاع کے فطری حق کے تحت خطے میں واقع دو امریکی فوجی اڈوں پر پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظاموں اور ڈرون و میزائل لانچ کرنے کے مراکز کو نشانہ بنایا۔ یہی مراکز ایران کے خلاف جارحانہ کارروائیوں کا نقطۂ آغاز اور معاون مراکز تھے۔

وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ ایران کی دفاعی کارروائیاں امریکی مسلح حملوں کے جواب میں کی گئیں اور ان کا مقصد جارحیت کے مراکز اور اس کے معاون بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا تھا۔ اس نے ان کارروائیوں کے نتائج کی قانونی اور بین الاقوامی ذمہ داری امریکہ پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے بین الاقوامی قوانین کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی اور طاقت کے غیر قانونی استعمال کے ذریعے علاقائی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

بیان میں علاقائی ممالک کی قومی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے احترام پر زور دیتے ہوئے ان حکومتوں سے سختی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے علاقوں، فوجی اڈوں اور تنصیبات کو ایران کے خلاف جارحانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی، تیاری اور عملی نفاذ کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔

ایرانی وزارت خارجہ نے خبردار کیا کہ اگر علاقائی ممالک اپنی سرزمین اور تنصیبات کے امریکی استعمال کو روکنے میں ناکام رہتے ہیں تو یہ نہ صرف اچھے ہمسائیگی کے اصول کے منافی ہوگا بلکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد 3314 کے ضمیمے کی شق 3 (ایف) کے تحت جارحیت بھی شمار ہوگا۔ ایسی صورت میں ایران کو ان کے خلاف دفاعی اقدامات کرنے کا مکمل حق حاصل ہوگا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران نے اب تک ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات اور امت مسلمہ کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کیا ہے اور ان ممالک میں صرف امریکی فوجی اڈوں اور فوجی اثاثوں کو نشانہ بنایا ہے۔

بیان میں ایران نے اپنی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اس کے خلاف کسی بھی نئی جارحیت یا دشمنانہ اقدام کا ایرانی مسلح افواج کی جانب سے فیصلہ کن اور پشیمان کن جواب دیا جائے گا۔

News ID 1942970

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha